نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور زون نے معروف سماجی شخصیت علیمہ خان کو مبینہ ریاست مخالف سوشل میڈیا سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، علیمہ خان کو 17 جولائی کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان سے ان کے دفاع میں بیان ریکارڈ کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ تاریخ کو پیش نہ ہوئیں تو یہ تصور کیا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ نہیں ہے، اور قانونی کارروائی کو اگلے مرحلے میں لے جایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، علیمہ خان پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے کی ترویج میں ملوث رہی ہیں۔ تاہم، تاحال ان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) وزارت داخلہ کے ماتحت ایک تحقیقاتی ادارہ ہے، جو سوشل میڈیا سمیت آن لائن پلیٹ فارمز پر ریاست مخالف یا غیر قانونی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر علیمہ خان مقررہ وقت پر حاضر نہ ہوئیں تو ایجنسی قانونی کارروائی کے لیے مجاز اقدامات اٹھا سکتی ہے، جن میں ممکنہ طور پر ایف آئی آر، گرفتاری، یا دیگر قانونی چارہ جوئیاں شامل ہو سکتی ہیں۔
