ذیابیطس جیسے مرض سے بچانے میں مددگار آسان طریقہ


 دنیا بھر میں ذیابیطس ٹائپ 2 کے شکار افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ایک تخمینے کے مطابق ہر 9 میں سے ایک بالغ فرد اس دائمی مرض کا شکار ہے۔

ذیابیطس ٹائپ 2 کو امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والا عنصر بھی قرار دیا جاتا ہے جو دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں، بس کافی پینا عادت بنالیں

انٹرنیشنل جرنل آف مالیکیولر سائنسز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کافی کے استعمال سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں کافی پینے کے اثرات سے متعلق 149 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی

ان تحقیقی رپورٹس میں یہ دیکھا گیا تھا کہ کافی پینے سے ان میٹابولک عناصر پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں جن سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تحقیق میں کافی میں موجود 5 hydroxycinnamic ایسڈز پر توجہ مرکوز کی گئی اور دیکھا گیا کہ یہ پولی فینولز کس حد تک چھوٹی آنت، لبلبے، جگر، مسلز اور ٹشوز پر اثرات پر مرتب کرتے ہیں

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 3 سے 5 کپ سیاہ کافی کے پینے سے بلڈ شوگر کی سطح کو معمول پر لانے میں مدد ملتی ہے، جسمانی ورم گھٹ جاتا ہے، انسولین کی حساسیت بڑھتی ہے اور گلوکوز میٹابولزم کا عمل بہتر ہوتا ہے

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کیفین یا بغیر کیفین والی دونوں اقسام کی کافی سے یہ فائدہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق کافی پینے کے عادی افراد میں ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 20 سے 30 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین کے مطابق اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے مگر روزانہ کافی پینے کے فوائد واضح ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کافی میں ایسے حیاتیاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو ذیابیطس سے تحفظ یا اسے کنٹرول میں رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

اس سے قبل جون 2025 میں امریکا کی ٹفٹس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کافی پینے کی عادت سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے

حقیق کے مطابق روزانہ ایک سے 3 کپ کافی پینے سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے، خاص طور پر دل کی شریانوں کے امراض سے موت کا خطرہ کم ہوتا ہے

مگر ایسا اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب آپ کافی میں چینی اور دودھ یا کریم شامل نہ کریں۔

تحقیق کے مطابق بہت کم چینی والی بلیک کافی پینے سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ 14 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

مگر جب کافی میں چینی کی زیادہ مقدار اور دودھ یا کریم کو شامل کیا جاتا ہے، تو پھر صحت کو یہ فائدہ نہیں ہوتا