وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے بانی کی رہائی کیلئے سڑکوں کے بجائے عدالتوں میں قانونی جنگ لڑنی چاہیے۔ ملک گیر احتجاج سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی سڑک پر دھمال ڈالنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی کے لیے بہتر ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے قانونی جنگ لڑے، پی ٹی آئی میں سینئر وکلاء ہیں ان کو چاہیے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے قانونی جنگ عدالت میں لڑیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ علی امین گنڈاپور ماضی میں کہہ چکے ہیں کہ وہ جیل توڑ کر اپنے قیدی لے جائیں گے، پی ٹی آئی کے پاس دو راستے ہیں یا تو جیل توڑ کر قبضہ کر لے یا قانونی راستہ اختیار کرکے اپنے قیدی کو رہائی دلوائیں۔
پروگرام میں شریک پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ انکی پارٹی کو دیوار سے لگایا گیا ہے اور انصاف کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں جس کے بعد سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے
