آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر ایک نوجوان نے اپنی سابقہ بھابھی اور اس کے دوسرے شوہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔
تھانہ سول سیکریٹریٹ کے ایس ایچ او جاوید گوہر کے مطابق، واقعہ رات تقریباً 3:30 بجے دولت کالونی میں اپر چتر ہاؤسنگ اسکیم کے قریب پیش آیا، جہاں 24 سالہ شہباز احمد خان نے جوڑے کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔ فائرنگ سے 30 سالہ آمنہ بی بی اور ان کے شوہر 24 سالہ احتشام اجمل قریشی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، ملزم شہباز احمد خان راولپنڈی میں قانون کا طالب علم ہے اور مقتولہ آمنہ بی بی اس کے بڑے بھائی کی بیوہ تھیں۔ شہباز کا بھائی تین سال قبل دورانِ ڈیوٹی شہید ہو گیا تھا، جس کے بعد آمنہ بی بی کو سرکاری مراعات کے تحت مالی امداد ملی۔ انہوں نے دولت کالونی میں ایک چھوٹا پلاٹ خرید کر دو کمروں پر مشتمل گھر تعمیر کروایا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آمنہ بی بی نے گزشتہ ماہ کے آخر میں احتشام قریشی سے دوسری شادی کی تھی، جس پر ان کے مرحوم شوہر کے خاندان، خاص طور پر شہباز احمد کو شدید اعتراض تھا۔ اسی خاندانی تنازعے اور غیرت کے نام پر شہباز نے مبینہ طور پر یہ اقدام کیا۔
واقعے کے وقت آمنہ کے تین بچے ان کے ساتھ گھر میں موجود تھے، جن میں ایک نوعمر بیٹی اور دو کم عمر بیٹے شامل ہیں، جبکہ دو بچے اپنے دادا دادی کے پاس رہائش پذیر تھے۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
