کراچی میں چھالیہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 150 کلو چھالیہ برآمد، ملزم گرفتار
کراچی: منگھوپیر پولیس نے چھالیہ اسمگلنگ کی ایک اور کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے، جس سے 150 کلو گرام چھالیہ، ایک گاڑی اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک کار کے ذریعے چھالیہ اسمگل کر کے شہر میں سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ گاڑی میں چھالیہ بوروں میں چھپا کر لے جائی جا رہی تھی، جسے بر وقت کارروائی کر کے پکڑ لیا گیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے اسمگل کی جا رہی چھالیہ، استعمال ہونے والی گاڑی اور نقد رقم قبضے میں لے لی۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی ضلع کیماڑی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران سیمنٹ کے بوروں میں چھپا کر اسمگل کی جانے والی 3 ٹن سے زائد چھالیہ برآمد کی تھی، جو بلوچستان سے کراچی منتقل کی جا رہی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں چھالیہ کی غیر قانونی ترسیل اور فروخت کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
